Issuance of EL 04 License for the lease holders in district Khyber
خیبر پختونخوا اور ملک کے دیگر علاقوں میں جہاں معدنیات اوربالخصوص کوئلہ مائننگ کے حوالے سے جو طریقہ کار اور کان کنی میں جہاں ہزاروں لاکھوں افراد اپنی ذریعہ معاش پیداکرتے ہیں وہاں بدقسمتی سے خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر جو دہشتگردی کے اس جنگ میں بری طرح متاثر ہے۔ عوام کے گھربار، بازار اور کھیتی باڑی وغیرہ مکمل طور ختم ہو گئی ہے ۔وہاں ضلع خیبر میں کان کنی اور سب سے بڑی وافرمقدار میں ریچ فارمیشن کی حامل علاقے میں کوئلہ مائننگ پر کام بغیر کسی جواز کے بند رکھا گیا ہے۔
جناب سپیکر، اس وقت ضلع خیبر میں دو سو کے لگ بھگ کوئلہ مائننگ لیز کا اجراء کیا گیا ہے۔لیکن بدقسمتی سے ضلع خیبر میں EL 04لائسنس جو کہ ڈی سی انتظامیہ جاری کرتی ہے تاحال بند ہے۔ لائسنس کی عدم اجراء کی وجہ سے نا صرف کوئلہ کمپنیوں کا لاکھوں نہیں، کروڑوں روپے کی انویسمنٹ نقصان کی طرف جا کر ڈوب رہی ہے۔ کوئلہ مائننگ کے علاوہ ضلع خیبر میں دیگر درجنوں کے حساب سے معدنیات کی بھاری کھیپ موجود ہےجس میں کرومائیٹ، لیڈ،کاپر، میگنیشیم، مائکا، پوٹاشیم، لیٹرائٹ، زنک آکسائڈ، کلسائیڈ اور بہت سی دیگر معدنیات کے قانونی حصول سے خزانے کو کروڑوں اربوں روپے کا فائدہ با آسانی مل سکتا ہے۔ ای ایل 04 لائسنس کی اجراء کے لیے تمام لیز ہولڈرز کے لیے مروجہ طریقہ کار(SOP) بھی جاری کی جا چکی ہے لیکن بلاسٹنگ میٹریل استعمال کرنے کے لیے اجازت نہیں دی جا رہی۔ جناب سپیکر، ہمارا ضلع خیبر دہشتگردی کی وجہ سے بری طرح متاثر ہوا ہےاور وہاں پر روزگار کرنے کے کوئی دیگر مواقع نہیں۔
لہذا یہ اسمبلی صوبائی حکومت سے سفارش کرتی ہے کہ ضلع خیبر کے تمام لیز ہولڈر کے لیے ای ایل 04 لائسنس کا اجرا کیا جائے اور وہاں کی تباہ شدہ معیشت کو دوبارہ فعال و بحال کر کے ہزاروں خاندانوں کی روزی روٹی کمانے کے لیے جلد ازجلد ہنگامی بنیادوں پر قابل حل اقدامات کو یقینی بنائیں۔